سید علی گیلانی کی زندگی جہد مسلسل تھی : سید صلاح الدین احمد

اسلام آباد:تحریک آزادی کشمیر کے بے بدل قائد امام سید علی گیلانی کی زندگی پوری دنیا کے آزادی پسندوں کیلئے مشعل راہ ہے۔مرد درویش نے اسلام کی سربلندی اور آزادی کشمیر کیلئے اپنا سب کچھ وقف کرکے قربان کیا ان کی ہر ادا غاصب بھارت کے خلاف برسر پیکار اہل کشمیر کیلئے مینار نور تھی اور رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار حزب کمانڈ کونسل اور جنرل کو نسل کے ایک مشترکہ اجلاس میں کیا گیا جو سید صلاح الدین احمد کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سید علی گیلانی کو عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے کہا گیا کہ امام گیلانی اسلام کی نشاة ثانیہ اور مقبوضہ جموں و کشمیر پر برہمن سامراج کے غاصبانہ قبضے کے خلاف برسر پیکار رہے اور نتیجتا انہیں برس ہا برس تک بھارتی جیلوں اور تعذیب خانوں میں مقید رکھا گیا مگر جناب سید بھارت کے ریاستی جبر کے سامنے سرنگوں ہونے کے بجائے باطل قوتوں کو آخری سانس تک للکارتے رہے۔یہی ان کی زندگی کا اصل محرک اور محور تھا جس سے آزادی کے متوالے فیض حاصل کرتے رہیں گے۔

یکم ستمبر 2021 میں قائد تحریک نے برسوں سے بھارتی حراست میں اپنی جان جان آفریں کے سپرد کردی۔ مشترکہ اجلاس میں اس عزم اور یقین کا اظہار کیا گیا کہ امام گیلانی کے ادھورے مشن کو پائیہ تکمیل تک پہنچانا ہر کشمیری پر فرض اور قرض ہے لہذا آزادی کے حصول تک جابرانہ بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائیگی یہ جدوجہد ان شاءاللہ ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی جس کیلئے آج تک سوا پانچ لاکھ جانوں کی قربانی اور کھربوں روپے مالیت کی جائیداد و املاک تباہ جبکہ ہزاروں عفت ماب ماوں بہنوں اور بیٹیوں کی عصمت بھارتی درندوں کے ہاتھوں تار تار کی جاچکی ہے۔ہم کٹی جوانیوں اور لٹی عصمتوں کے امین ہیں اور ہر حال میں ان کا تحفظ کیا جائے گا۔ اجلاس میں جدوجہد آزادی میں مصروف عمل اہل کشمیر کو پیغام دیا گیا کہ آپ کی ثابت قدمی ہی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کی کلید ہے۔ ظالم اور جابر قوتیں زیادہ دیر تک ٹک نہیں سکیں گی ۔ہمارا ایمان ہے کہ اللہ تعالی کی تائید و نصرت سے سرزمین کشمیر پر عنقریب آزادی کا سورج طلوع ہوگا ۔

اجلاس کے آختتام پر امام سید علی گیلانی اور .تحریک آزادی کشمیر میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی گئی

Comments are closed.