مظفرآباد: حز ب المجاہدین کے ڈپٹی سپریم کمانڈر علی محمد ڈار المعروف برہان الدین حجازی تحریک آزادی کشمیر کے بے بدل سالار اور حکمت و تدبر سے پر تھے۔ان کی شہادت نے ہزاروں برہان پیدا کیے جو آج بھی غاصب بھارت کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ان خیالات کا اظہار امیر حزب المجاہدین اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے جو شہید علی محمد ڈار کے 25 ویں یوم شہادت کے موقع پر منعقد ہوئی۔
سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ برہان الدین حجازی پولیس میں ایک اعلی عہدے پر فائز تھے لیکن 1989 میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کیلئے جدوجہد کا بگل بجتے ہی نوکری کو لات مار کر اس جدوجہد کا حصہ بنے اور حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کرلی۔ان کے ہاتھوں سینکڑوں مجاہدین تربیت حاصل کرکے مرتبہ شہادت پر فائز ہوئے جبکہ آج بھی انہی کے تربیت یافتہ لوگ بھارتی قبضے کے خلاف جدو جہد میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی محمد ڈار نے اپنا سب کچھ تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے قربان کیا۔ وہ سادگی میں اپنی مثال آپ تھے اور شہادت کے آخری ایام تک اسی سادگی کو اپنی زندگی کا اوڑھنا بچھونا بنایا تھا۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے چپے چپے کا دورہ کرکے مجاہدین کو دشمن کے خلاف متحرک رکھا۔وہ خود بھی سخت جان تھے اور مجاہدین کو بھی اس قالب میں ڈھالنے قائل تھے۔
سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ بالاخر 09 اگست 1998 میں سرینگر میں دشمن کے ساتھ ایک خونریز جھڑپ میں مرتبہ شہادت پر فائز ہوکر ابدی زندگی پالی۔ قابض انتطامیہ نے بوکھلا ہٹ میں ان کی نماز جنازہ کی ادائیگی پر پابندی عائد کی تھی اور گھر کے چند ہی افراد نماز جنازہ میں شریک ہوسکے۔ ان کے ساتھ توصیف بھائی اور علی محمد عرف علی فوجی بھی اپنی جانیں اسلام اور تحریک آزادی پر قربان کرچکے ہیں۔حزب المجاہدین وعدہ بند ہے کہ ان قربانیوں کی ہر حال میں وفا کی جائے گی جو بھارت کے ناجائز’ غاصبانہ ‘ غیر قانونی اور غیر اخلاقی قبضے کے خاتمے کیلئے دی گئیں اور آج بھی قر بانیوں کا تسلسل جاری ہے۔یہی شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ سید صلاح الدین احمد نے شہید عزیمت شیخ عبدالعزیز کو بھی ان کے 15 ویں یوم شہادت پر عقیدت کے پھول نچاور کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے جس بہادری،جرات اور ثابت قدمی سے قابض اور باطل قوتوں کا مقابلہ کرکے مرتبہ شہادت پر فائز ہوئے وہ نہ صرف ہم بلکہ پوری قوم نہیں بھولی ہے۔سید صلاح الدین احمد نے برہان الدین حجازی،شیخ عبدالعزیز ؒاور دوسرے لاکھوں شہدا کی بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے ان کے مشن کو جاری رکھنے کا عزم بھی دہرایا۔
Comments are closed.