مظفرآباد: کالعدم تحریک لبیک پاکستان پرآزاد کشمیرمیں سیاسی گرمیوں اورآئندہ انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔
آزادکشمیر حکومت محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کو آزاد جموں و کشمیر انسداد دہشتگردی ایکٹ 2014، شیڈول ون کے تحت 16 اپریل 2021 کو جاری نوٹیفکیشن کے تحت کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا گیاتھا تاہم یہ دیکھا گیاہے کہ کالعدم تنظیم سیاسی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے آزادکشمیر میں اپنی الیکشن مہم چلا رہی ہے ۔ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت کوئی بھی کالعدم تنظیم کسی بھی سیاسی سر گرمی میں حصہ نہیں لے سکتی ۔

تینوں ڈویژنز مظفرآباد ،پونچھ ، میرپور کے کمشنرز اور ڈی آئی جیز کو جاری مراسلے میں کہاگیاہے کہ اس تناظر میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان کو آزادکشمیر میں کسی بھی سیاسی سرگرمی سے روکا جائے اور خلاف ورزی پر انسداد دہشتگردی ایکٹ 2014 کی روشنی میں سخت کارروائی کی جائے ۔ معاملہ اشد ضروری تصور کیاجائے ۔ واضح رہے کہ ٹی ایل پی آزادکشمیر نام کی جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ بھی ہے۔
Comments are closed.