اطہروانی تحریک آزادی کشمیر کے قلمی محاذ کے بیباک سپاہی تھے،سید صلاح الدین

ذرائع ابلاغ کے محاذ پر لڑنے والے بیباک سپاہی ، تحریک آزادی کشمیر کے قلم قبیلے سے وابستہ صحافی ،کالم نگار اور دانشور اطہر مسعود وانی کی جدائی انتہائی تکلیف دہ ہے ۔ ان کی جدائی سے تحریک آزادی کا ابلاغی محاذ کافی حد تک متاثر ہوگا ۔ایک خلا پیدا ہوا ہے،جسے پر کرنا ناممکن نہ سہی مشکل ضرور ہے ۔

ان خیالات کا اظہار امیر حزب المجاہدین اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے پریس کے نام جاری اپنے ایک تعزیتی بیان میں کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم اطہر وانی کے والد مرحوم عبد الصمد وانی تحریک آزادی کشمیر کے رہنماوں میں ایک اعلی مقام رکھتے تھے ۔گو کہ وہ مقبوضہ وادی کشمیر سے ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے تھے تاہم انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کو اپنی زندگی کا اوڑھنا بچھونا بنایا اور آخری سانس تک اس سے پہلو تہی نہیں برتی۔ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے جدوجہد میں مسلسل مصروف عمل رہے ۔

انہوں نے کہاکہ مرحوم اطہر وانی بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے رہے اور آخری سانس تک جدوجہد آزادی میں اپنا حصہ ڈالتے رہے۔بے خوف اور بہادر انسان تھے ،حق بات لکھنے اور کہنے میں کبھی کوئی عار ہا گھبراہٹ محسوس نہیں کرتے تھے۔اپنے بھی خفا مجھ سے بیگانے بھی ناخوش کے مصداق انہوں نے ہمیشہ حق وصداقت کی ترجمانی کی۔

سید صلاح الدین احمد نے مرحوم کی مغفرت و جنت نشینی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کرنے کے علاوہ ان کیساتھ یکجہتی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔

Comments are closed.