مظفرآباد:امام سید علی گیلانی جسے کوئی ڈراسکا نہ خرید سکا، تحریک آزادی کشمیر کا عنوان اور علامت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے سید علی گیلانی کے دوسرے یوم شہادت کی یاد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امام سید علی گیلانی تحریک آزادی کشمیر کا عنوان اور علامت ہیں جنہوں نے حق خود اردایت کے اصولی اور تاریخی موقف پر چٹان کی مانند ثابت قدم رہتے ہوئے تادم آخر جدوجہد آزادی کی بے مثال قیادت فرمائی۔قابض حکومتوں کے خزانے جناب سید کے ضمیر کو نہ خرید سکے اور نہ لاکھوں قابض بھارتی فوجیوں کا ظلم و جبر ان کی گردن جھکانے میں کا میاب ہوا۔انہیں زیر حراست شہادت کا جام پینا پڑا۔ان کے بے جان لا شے سے بھی دنیا کی بہت بڑی نام نہاد فوجی قوت خوفزدہ ہوئی۔انہیں رات کے اندھیرے میں پوری ریاست میں کرفیو نافذ کرکے دفن کردیا گیا۔
حزب سربراہ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ فقید المثال قربانیوں سے سینچی ہوئی تحریک آزادی کو بارہا پٹری سے اتار کر سبوتاژ کرنے کی سازشیں کی گئیں لیکن ہر ایسے موقعے پر جرا ت و شجاعت کے پیکر جناب سید گیلانی ہمالیائی رکاوٹ بن کر تمام سازشی منصوبوں کو ناکام بناتے رہے۔ چیر مین متحدہ جہاد کونسل نے کہا کہ آج رواں جدوجہد آزادی تمام تر مشکلات ومصائب کے باوجود اگر اپنی اصلی ہیئت اور صورت میں منزل کی طرف گامزن ہے تو وہ سید رحم اللہ کے اخلاص و ایمان،صبر و استقامت اور جرات و شجاعت کی مرہون منت ہے۔ امام گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا واحد اور بہترین طریقہ یہ ہے کہ لا زوال قربانیوں سے مزین تحریک آزادی کشمیر اپنی حتمی منزل مقصود سے ہمکنار کرنے کیلئے ہمہ جہت اور ریاست گیر جدوجہد کا عزم و عہد از سر نو تازہ کیا جائے اور ہر اندرونی و بیرونی سازشی منصوبوں کو قوت بازو سے زمین بوس کیا جائے۔ان شا اللہ اللہ تعالی کی تائید و نصرت اہل کشمیر کے ساتھ ہوگی۔
تقریب سے متحدہ جہاد کونسل کے سیکرٹری جنرل شیخ جمیل الرحمان، ڈپٹی چیر مین محمد عثمان،جمیعت المجاہدین کے سربراہ جنرل عبد اللہ،نائب امیر حزب المجاھدین سیف اللہ خالد ، تاج علی شاہ اور دیگر کئی رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے قائد تحریک سید علی گیلانی کو عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ سید گیلانی کے نقش قدم پر چل کر حصول منزل تک جدوجہد جاری اور کسی کو بھی اس تحریک کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔تقریب کے اختتام پر سید علی گیلانی اور تحریک آزادی کشمیر کے دیگر شہدا کی بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
Comments are closed.