سری نگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، قابض فوجیوں نے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوجیوں نے نوجوانوں کو سری نگر کے علاقے رام باغ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی ۔
بے گناہ نوجوانوں کے قتل کے خلاف علاقے بھارت مخالف مظاہرے کئے گئے۔ شہادت کی خبر پھیلتے ہی برزلہ اور ملحقہ علاقوں کے لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور شہر کے علاقے رام باغ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی میں مصروف فوجیوں کے ساتھ ان کی شدید جھڑپیں ہوئیں۔
دوسری جانب آج ضلع کپواڑہ کے گاؤں ویلگام میں شاسترا سیما بل سے تعلق والے ایک بھارتی فوجی نے اپنی سروس رائفل سے گولی مار کرخودکشی کرلی۔ جس سے جنوری 2007سے بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 477ہو گئی ہے۔
Comments are closed.