اسلام آباد: چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز کا کہنا ہے کہ کونسل نے ایک ہی وقت میں تین طلاقوں کو قابلِ سزا جرم قراردینے کی تائید کی ہے۔
چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کی زیرصدارت اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کے بعد ڈاکٹر قبلہ ایاز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بیک وقت تین طلاقیں بڑا معاشرتی مسئلہ بن گیا ہے، کونسل نے بیک وقت 3 طلاقوں کو جرم قرار دینے کی تائید کی ہے۔ انہوں نے بتایا ایک ہی بار تین طلاقیں دینے والے کیلئے سزا سے متعلق علمائے کرام سے مشاورت کی جائے گی۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا تھا کہ کونسل نے جامع طلاق نامہ بنانے پربھی اتفاق کیا ہے، طلاق نامہ تشکیل دے کروفاقی حکومت کوبھجوائیں گے جب کہ بیک وقت تین طلاقوں کےمعاملے پر بہت جلد کانفرنس بھی بلائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 16 سے 18 سال سے کم عمر بچے کم سن کہلاتے ہیں اور اسلامی نظریاتی کونسل کم عمری کی شادی کی حوصلہ شکنی کرتی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کم عمری کی شادی کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کرے۔
Comments are closed.