اسلام آباد:سینیٹ آف پاکستان نے ملک عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی ۔قرارداد سینیٹر دلاور خان نے پیش کی۔پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی قرار داد کی حمایت کی ۔قرار داد میں کہا گیاہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس لیے آٹھ فروری کو انتخابات ملتوی کیے جائیں اور الیکشن کمیشن ساز گار ماحول کے بعد شیڈول جاری کرے۔پیپلزپارٹی کے سینیٹر بہرہ مند تنگی نے قرارداد حمایت کی۔۔ ایوان میں صرف 14 سینیٹر ز کی موجودگی پر بھی کسی جماعت نے کوروم کی نشاندہی نہیں کی ۔
سینیٹر دلاور خان نے ملک میں عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد سینیٹ میں پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیاکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ مولانا فضل الرحمن اور محسن داوڑ پر حملے ہوئے جبکہ کئی لیڈرزکو دھمکیاں مل رہی ہیں۔ جنوری اور فروری میں بلوچستان کے کئی علاقوں میں موسم بھی خراب ہوتا ہے۔ سینیٹ وفاق کے حقوق کا ضامن ہے اس لیے 8 فروری کو انتخابات ملتوی کیے جائیں ۔ الیکشن کمیشن شیڈول معطل کرکے ساز گار ماحول کے بعد شیڈول جاری کرے۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ نے قرارداد کی مخالفت کی ۔
سینیٹر افنان اللہ نے کہاکہ دوسری جنگ عظیم میں بھی انتخابات کا عمل نہیں رکا۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ 8 فروری کو الیکشن پتھر پر لکیر ہے ۔ نگران وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی ٰ سولنگی ایوان میں پہنچے تو قرار داد ایک مرتبہ پھر پیش کی گئی ۔ مرتضی ٰ سولنگی نے قرارداد کی مخالفت کی تاہم ایوان نے دوسری مرتبہ بھی قرار داد کثرت رائے سے منظورکرلی گئی ۔
پی ٹی آئی کے گردیب سنگھ نے پہلی بار قرارداد کی حمایت کی جبکہ دوسری مرتبہ خاموش رہے ۔ قرارداد کی منظوری کے بعد چیئرمین سینیٹ نے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔
Comments are closed.