تجاوزات کیس: پہلا ایکشن عمران خان کے خلاف لینا چاہیے، چیف جسٹس

اسلام آباد:چیف جسٹس آف ثاقب نثار نے بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ سی ڈی اے کو سب سے پہلا ایکشن وزیراعظم عمران خان کے خلاف لینا چاہیے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان درخواست گزار ہیں، تعمیرات ریگولر کرانے کے لیے پہلا قدم اٹھائیں، جس پر وزیراعظم عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ بنی گالا رہائشگاہ ریگولر کرانے کے لیے سی ڈی اے کے پاس جائیں گے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سی ڈی اے کے پاس آپ کیا لے کر جائیں گے؟ کیا وہ دستاویزات لے کر جائیں گے جن میں نقشے کا کوئی ثبوت نہیں؟۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے کو سب سے پہلا ایکشن وزیراعظم کے خلاف لینا چاہیے۔

خیال رہے کہ مقدمے کی گزشتہ سماعت پر بنی گالہ میں تجاوزات سے متعلق سروے آف پاکستان کی رپورٹ پیش کی گئی تھی۔ جس پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ جنہوں نے غیرقانونی تعمیرات کیں ان سے جرمانے لیے جائیں، حکومت اپنے جرمانے بھی ادا کرے اور دوسروں سے بھی لے، گھرریگولرائز کرانے کے لئے سب سے پہلے عمران خان کوفیس ادا کرنا ہوگی۔

Comments are closed.