سعودی عرب کا پاکستان کیلئے 6 ارب ڈالرز کا پیکج دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کو مالی بحران سے نمٹنے کے لیے 6 ارب ڈالرز کا پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں 3 ارب ڈالرز کا ادھار تیل ہوگا اور 3 ارب ڈالرز کی رقم دی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر حکام سے ملاقاتوں کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا۔جس کے مطابق سعودی عرب پاکستان کو 3 ارب ڈالرزکا تیل ادھار دینے کے لیے رضامند ہوگیا ہے،ادھار تیل کی سہولت ابتدائی طور پر 3 سال کے لیے ہوگی جس میں تین سال بعد توسیع ہوسکے گی۔ جبکہ سعودی عرب 3 ارب ڈالرز پاکستان کے پاس ایک سال کے لیے بیلنس آف پے منٹ کے طور ڈیپازٹ بھی رکھے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان پاکستانی ورکرز کے لیے ویزا فیس کم کرنے پر بھی متفق ہوگئے ہیں۔  سعودی عرب پاکستان میں آئل ریفائنری منصوبہ لگانے پر بھی رضا مند  ہوگیا ہے اور پاک سعودی معاہدے سے متعلق سعودی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

بلوچستان میں معدنیات کی تلاش کیلیے سعودی عرب نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلے میں وفاقی اور بلوچستان کی حکومت معدنیات کی تلاش کے معاملات طے کریں گے۔

Comments are closed.