صدرٹرمپ کے الزامات پرسخت ردعمل کے بعد امریکی حکام کا پاکستان سے رابطہ

اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر سخت پاکستانی ردعمل اوراحتجاج کے بعد امریکی حکام نے سفارتی سطح پر پاکستان سے رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر امریکی حکام نے پاکستان کی جانب سے ردعمل آنے کے بعد وزارت خارجہ سے رابطہ کیا اور واضح کیا کہ امریکا کو پاکستان کی طرف سے کیے گئے تعاون کی قدر ہے اور امریکا کو پاکستان کے مزید تعاون کی ضرورت رہے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی حکام نے مائیک پومپیو کے دورہ پاکستان کے دوران کیے گئے فیصلوں کی روشنی میں سفارتی سطح پررابطہ جاری رکھنےکی یقین دہانی بھی کرائی۔امریکی حکام کی جانب سے دوطرفہ رابطے جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے صدر ٹرمپ کے بے بنیاد الزامات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قراردیا تھا، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور پال جونز کو طلب کرکے امریکی صدر کے حالیہ ٹویٹس پر مایوسی کا اظہار اور پاکستان کے حوالے سے غیر ضروری اور بے بنیاد الزامات پر سخت احتجاج کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی امریکی صدر کے  پاکستان مخالف بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ کے غلط بیانات زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں، پاکستان امریکی جنگ میں بہت نقصان اٹھا چکا ہے لیکن اب حکومت پاکستان وہی کرے گی جو پاکستانی مفاد میں ہوگا۔

خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے امریکی ٹی وی چینل اور اپنی ٹوئٹ میں پاکستان پرتنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے امریکہ سے اربوں ڈالرز لیے لیکن اس کے بدلے میں کچھ نہیں کیا گیا۔

Comments are closed.