فوج کی مدد سے بلوچستان کے حقیقی وسائل سے استفادہ کیا جاسکتا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم کو بلوچستان کی سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان نے سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں پر انہیں بلوچستان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ کینٹ میں سدرن کمانڈ کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کوئٹہ ائیربیس پر ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وفاقی وزراء بھی تھے۔

سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں انہیں صوبے کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کوخوشحال بلوچستان معاشی ترقیاتی پروگرام، پاک چین اقتصادی راہداری کے سکیورٹی منصوبوں اور پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے کام میں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے صوبے میں امن کے قیام کیلئے سکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبوں اور وفاق کے درمیان تعاون، جامع قومی کوشش کے ذریعے اور فوج کی مدد سے بلوچستان کے حقیقی وسائل سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے شورش زدہ علاقوں میں قیام امن کے بعد فوج کی توجہ بلوچستان پر ہے، پاکستان کا معاشی مستقبل بلوچستان سے جڑا ہے۔

Comments are closed.