نوازشریف کیخلاف ریفرنسزکا24 دسمبرتک فیصلہ کرے، سپریم کورٹ

اسلام آباد: سپریم کورٹ نےحکم دیا ہےکہ احتساب عدالت نوازشریف کیخلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا 24 دسمبر تک فیصلہ کرے۔ فریقین کے وکلا کے حتمی دلائل مکمل کرنےکا ٹائم ٹیبل بھی دیدیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے مدت میں باربار توسیع مانگنے پر برہمی کا اظہار کیا ۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نےاحتساب عدالت کی درخواست کی سماعت کےآغاز پر کہا کہ کیا وہاں کوئی الف لیلیٰ کی کہانی چل رہی ہے ؟ بحث کرنےکا بھی وقت ہوتا ہے ، ہر دفعہ آپ ٹائم مانگنےآ جاتے ہیں ۔ اس پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث بولے کیا آپ کو احتساب عدالت سے کوئی شکایت آئی ہے ، اگر ایسا ہے تو میں کیس چھوڑ دیتا ہوں ۔ چیف جسٹس نےکہا آپ کیس چھوڑ کر مشکلات پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔

جسٹس اعجازالاحسن نے نواز شریف کے وکیل سےاستفسار کیا کہ آپ کس تاریخ تک بحث مکمل کرلیں گےتو انہوں نےپہلے 14 دسمبر تک بحث سمیٹنےکا بتایا پھرتاریخ 17 دسمبر تک بڑھانے کا کہا ۔ اس پر کمرہ عدالت میں قہقہہ لگا ۔ عدالت نےحکم دیا کہ خواجہ حارث 17 دسمبر تک العزیزیہ اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں حتمی دلائل مکمل کریں۔ اس کے بعد نیب پراسیکیوٹر 4 دن میں جواب الجواب دیں ۔ 24 دسمبر تک دونوں ریفرنسز کافیصلہ سنایا جائے۔

Comments are closed.