اسلام آباد: تحریک انصاف کی حکومت نے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی مالیاتی ادارے سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے آئی ایم ایف سے مذاکرات کی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک کے معاشی حالات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، معاشی بحالی ایک مشکل چیلنج ہے، عوام کو اس بات کا ادراک ہے کہ گزشتہ حکومت کیسے معاشی حالات چھوڑ کرگئی تھی۔
.‘‘جیسے ہی ہم نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو ترجیحی بنیاد پر فیصلہ کیا کہ ہمیں اس بحران سے نکلنے کے لیے بہترین راستہ اختیار کرنا ہے اور ایک سے زائد متبادل ذرائع تلاش کرنے ہیں’’۔

اسد عمر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے اسی سلسلے میں کام جاری تھا، پاکستان کے بہترین ماہرین معاشیات سمیت دوست ممالک سے بھی مشاورت کی گئی اور اب اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے اور ایسا پروگرام ترتیب دیں کہ ملک کو معاشی بحرانوں سے نکال سکیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے فوری مذاکرات کی منظوری دے دی ہے، مستقل بنیادوں پر معیشت میں بہتری لاکر ملک کو پاؤں پر کھڑا کرنا اور روزگار کی فراہمی معاشی ترجیحات میں شامل ہیں، بحالی کا ایسا پروگرام چاہتے ہیں جس سے کمزور طبقے پر کم اثر پڑے۔
Comments are closed.