اسلام آباد: چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے بنی گالہ میں غیرقانونی تعمیرات پر سب سے پہلے عمران خان جرمانہ دیں گےاور انکا گھر ریگولرائز ہوگا ، وزیراعظم کےوکیل بابر اعوان سے ان کا کہنا تھا تحریک انصاف والوں نے یہ معاملہ اٹھایا تھا، وہ اب حکومت میں ہیں ، دیکھنا ہے کیا کرتے ہیں۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت کی۔۔۔ وزیراعظم عمران خان سمیت تمام رہائشیوں کے مکان ریگولرائز کرنے کیلئے کمیٹی قائم ، دس روز میں رپورٹ طلب کر لی گئی۔ عدالت نے قواعد پر پورا نہ اترنے والی کمپنیوں کی لیز منسوخ کرنے کا حکم دیا ۔ راول جھیل کی آلودگی کا معاملہ کیس سے الگ کر دیا گیا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے سب سے پہلا گھر ریگولرائز عمران خان کا ہو گا ، اس کو سیاسی بیان نہ سمجھا جائے،سب سے پہلے عمران خان جرمانہ ادا کرے گا ، اس کے بعد باقی لوگوں کو عمارتیں ریگولرائز کرانے کا کہا جائے گا۔ ریگولرائزیشن تک نئی عمارتیں بنانےکی اجازت نہیں دیں گے، ہم تو تحریک انصاف والوں کی کارکردگی دیکھنا چاہتے ہیں۔
عدالت نے تعمیرات کو ریگولرائز کرنےکے معاملے پر سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ، چیئرمین سی ڈی اے، ہاؤسنگ ، لوکل گورنمنٹ اور موسمیاتی تبدیلی کے سیکرٹری کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ چیئرمین سی ڈی اے غیر قانونی لیز سےمتعلق دس روز میں رپورٹ دیں، جو کمپنیاں لیز کے قواعد پر پورا نہیں اترتیں بوریا بستر لپیٹ لیں ، دس روز بعد لیزکی زمین پر تعمیرات مسمارکر دی جائیں۔
Comments are closed.