ایران کے شہر سراوان میں نامعلوم مسلح افراد نے صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 پاکستانی مزدوروں کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔ پاکستان نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ مزدور وں کے قتل کی فوری تحقیقات اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے واقعے سخت مذمت کرتے ہوئے واضح کیاکہ اس طرح کے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کوکمزدور نہیں کر سکتے۔ ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ ہم اس ہولناک اور قابلِ نفرت واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔ واقعے کی فوری تحقیقات کرتے ہوئے ملوث افراد کا محاسبہ کیاجائے ۔ترجمان نے کہاکہ ہم ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس سنگین معاملے سے پوری طرح آگاہ ہیں ۔پاکستانی سفارت خانہ لاشوں کو جلد از جلد وطن واپس لانے کی پوری کوشش کرے گا۔ ترجمان نے واضح کیاکہ اس طرح کے بزدلانہ حملے پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے عزم کوکمزدور نہیں کر سکتے ۔
ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہاکہ پاکستانیوں کے ہولناک قتل پر گہرا صدمہ ہے ، سفارت خانہ سوگوار خاندانوں کی مکمل مدد کرے گا۔
جاں بحق افراد کے لواحقین نے اپیل کی ہے کہ ان کے پیاروں کی میتیں جلد از جلد پاکستان لائی جائیں۔ واضح رہے کہ افسوسناک واقعہ گزشتہ رات پیش آیا جس میں 9 پاکستانی مزدوروں کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا۔ جاں بحق افراد گزشتہ 8 سال سے محنت مزدوری کے سلسلہ میں ایران مقیم تھے ۔
Comments are closed.