این آراو ہوگا نہ ہی کرپٹ لوگ بچیں گے،نیب ماتحت ہوتا تو مزید50لوگ جیل میں ہوتے، وزیراعظم

لاہور:وزیراعظم عمران خان نے  کہا ہے کہ بدعنوان عناصر سے کوئی این آر او نہیں ہوگا، کرپشن میں ملوث کسی بھی شخص کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

وزیراعظم بننے کے بعد پہلی مرتبہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت پر الزام لگایا جارہا ہے کہ سیاسی انتقام لے رہی ہے، قومی احتساب بیورو وزیراعظم کے ماتحت نہیں ہے اگر نیب کا ادارہ ان کے ماتحت ہوتا تو کم از کم 50 افراد جیل میں ہوتے، مزید کرپٹ لوگوں کی باری آنے ہی والی ہے انہیں جیل میں ڈالیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جو لوگ شہبازشریف کی گرفتاری پر شورمچا رہے ہیں وہ اصل میں اپنی گرفتاری کے خوف سے چلا رہے ہیں، یہ لوگ بے شک مظاہرے کریں، دھرنے دیں یا اسمبلی میں شورمچائیں  کرپٹ لوگوں کو ہرگز نہیں چھوڑیں گے، ایک ایک کرپٹ شخص کو پکڑیں گے اور کوئی این آر او نہیں ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ زرداری اور شہباز شریف بھائی بھائی ہیں یہ اکٹھے مل کر الیکشن لڑرہے ہیں، زرداری اورشریفوں کی کرپشن کی یونین ہے یہ لوگ قیمے کے نان کھلا کر لوگوں کو اکٹھا کرتے ہیں، بڑے بھائی کو پکڑا گیا تو کہا کہ نیب نے میرے سوالات کے جواب نہیں دیے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ وزرا کی کارکردگی کو مانیٹر کریں گے جو وزیر کارکردگی نہیں دکھائے گا اسے تبدیل کردیں گے۔

Comments are closed.