حکومت کا امریکا، برطانیہ سمیت اہم ممالک میں نئے سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان نے امریکا ، کینیڈا، برطانیہ اور سعودی عرب سمیت کئی اہم ممالک میں نئے سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ برطانیہ میں سینئر سفارتکار نفیس ذکریا کو ہائی کمشنر تعینات کیا جارہا ہے جب کہ امریکا سے علی جہانگیر صدیقی کو واپس بلا کر ان کی جگہ ڈاکٹر اسد مجید خان کو سفیر تعینات کیا جا رہا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب، قطر، کینیڈا اور مراکش میں بھی سفراء کی تبدیلی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں راجہ علی اعجاز اور قطر میں سید احسن رضا شاہ کو سفیر تعینات کیا جا رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ مراکش میں حامد اصغر خان، سربیا میں شہریار اکبر خان اور کیوبا میں صاحبزادہ احمد خان کو سفیر لگایا جا رہا ہے جب کہ کینیڈا میں رضا بشیر تارڑ کا نام ہائی کمشنر کے لیے زیر غور ہے۔ وزیر خارجہ نے دبئی میں احمد امجد علی کو قونصل جنرل تعینات کرنے کا بھی اعلان کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اہم دارالحکومتوں میں سیاسی تقرریوں کے بجائے ’کیریئر ڈپلومیٹس‘ کی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔ تاہم نئے سفراء اور ہائی کمشنر کی تعیناتی کے عمل میں کچھ وقت لگے گا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں آئل ریفائنری اور ایل این جی ٹرمینل لگانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، امارات کی بڑی کمپنیوں کے سربراہان کا وفد اسلام آباد آیا ہوا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں 16 لاکھ پاکستانی موجود ہیں جو سالانہ 4 ارب 30 کروڑ ڈالرز کا خطیر زرمبادلہ وطن بھیجتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ادھار تیل کے معاملے پر متحدہ عرب امارات سے بھی بات کی گئی تاہم طریقہ کار پر بعد میں طے کیا جائے گا۔

Comments are closed.