دہشت گردوں کو ختم کر کے دم لیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اورکزئی اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان کو عدم استحکام کاشکار کرنے کی سازش پرعمل پیراہیں، ان شاء اللہ تمام دہشتگردوں کو ختم کر کے دم لیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو عمارت میں داخلے سے روکنے پر پولیس اہلکار تحسین کے لائق ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ دہشتگرد قونصل خانے میں داخل ہوجاتے تو بڑا سانحہ ہوسکتا تھا۔ چینی قونصل خانے کے تمام افراد محفوظ ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں نے دہشتگردی کیخلاف زبردست جنگ لڑی ہے، کسی اور ملک نے اتنی کامیابی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں لڑی، ہماری سیکورٹی فورسزنے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اورکزئی میں ریمورٹ کنٹرول بم کے ذریعے دھماکہ کیا گیا،یہ واقعہ بھی پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش ہے۔،

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کوعدم استحکام کا شکار کرنے کی کارروائی سے متعلق پہلے سے اطلاع تھی، لیکن یہ معلوم نہیں تھا کہ دہشتگرد کہاں کارروائی کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا واقعہ ہمارے کامیاب دورہ چین کا ردعمل ہے، دورہ چین کی تفصیلات کو منظرعام پر نہیں لا سکتے، جس طرح چین کے ساتھ معاہدے ہوئے ایسے کبھی پاکستان کے کسی اورملک کے ساتھ معاہدے نہیں ہوئے۔

Comments are closed.