ضمنی الیکشن واضح پیغام ہے کہ آنے والا وقت کیسا آرہا ہے، نوازشریف

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ  ضمنی الیکشن پیغام ہے کہ آنے والا وقت کس طرح کا آرہا ہے، اللہ کے فضل و کرم سے جلد یہ حالات بدل جائیں گے، سب ملک کی خیر کے لیے دعائیں کریں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں  پیشی کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ووٹ دینے پرعوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے، پاکستان کے عوام نے ان کی توقعات سے بڑھ کر سرخرو کیا۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ حکومت کے پہلے 50 دنوں میں ضمنی الیکشن کا اس طرح کا نتیجہ آیا ہے اورالیکشن میں حکمران جماعت کی نشستوں پر کامیابی حاصل کی، پارٹی قیادت پرپابندیوں کے باوجود عوام نے مسلم لیگ ن کو ووٹ ڈالا،نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہیں جیل میں ڈالا گیا۔ شہبازشریف بھی جیل میں ہیں، خواجہ سعد رفیق کے ساتھ جو سلوک ہورہا ہے وہ بھی سب کو پتا ہے، نوازشریف نے کہا کہ انہیں اور شاہد خاقان عباسی کو غداری کے مقدمے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی ن لیگ کو کامیابیوں سے ہمکنار کررہا ہے، راولپنڈی کی نشست پر بھی ہماری فتح ہی ہوئی ہے، حکومت میں چار سال تک ڈالر کی قیمت میں استحکام رہا اور ڈالر 104 روپے سے بڑھا نہیں، مہنگائی نہیں تھی اور عوام خوش و مطمئن تھے، ن لیگ نے جانفشانی کے ساتھ اپنا فرض ادا کیا، لیکن موجودہ حکومت کے 50 دنوں میں ڈالر اور مہنگائی کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔

Comments are closed.