عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس سماعت کیلئے مقرر

ہیگ: عالمی عدالت انصاف نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے پاکستان میں دہشتگردی کیلئے بھیجے جانے والے جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق کیس کی سماعت مقرر کر دی ہے۔

عالمی عدالتِ انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت 18 سے 21 فروری 2019 کو ہوگی، کیس میں 18 فروری کو بھارت اور 19 فروری کو پاکستان دلائل دے گا، دوسرے مرحلے میں 20 کو بھارت اور 21 فروری کو پاکستان دلائل دے گا۔

پیر، 18 فروری کی صبح 10 سے دوپہر ایک بجے تک بھارتی وکیل دلائل پیش کریں گے جبکہ اگلے روز منگل 19 فروری کو انہی اوقات میں پاکستانی وکلا اپنے دلائل پیش دیں گے، یہ دلائل پیس پیلس میں دیئے جائیں گے جو ہالینڈ کے شہر ہیگ میں واقع ہے۔

اس کے بعد زبانی جرح اور دلائل کا دوسرا دور شروع ہوگا جس میں بدھ 20 فروری کو سہ پہر 3 سے ساڑھے 4 بجے تک بھارت بات کرے گا، اس کے بعد جمعرات 21 فروری کو ساڑھے 4 سے 6 بجے تک پاکستانی وکیل دلائل دیں گے، جرح کی مکمل کارروائی بین الاقوامی عدالتِ انصاف کی ویب سائٹ پر براہِ راست نشر کی جائے گی۔

خیال رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو مارچ 2016 میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر نے پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا جس پر فوجی عدالت نے کلبھوشن کو سزائے موت سنائی تھی۔

Comments are closed.