نواز شریف وزیراعظم بنا تو پی ٹی آئی کارکنوں سے بدترین انتقام لے گا،بلاول بھٹو

بلاول  بھٹو نے کہاہے کہ نواز شریف کی سیاست تشدد کی سیاست ہے۔   اگر وہ چوتھی بار وزیراعظم بنا تو پی ٹی آئی کارکنوں سے بدترین انتقام لے گا۔

چنیوٹ میں انتخابی جلسے سے خطاب  میں    کہا   ایک طرف معاشی بحران ہے تو دوسری طرف معاشرے میں ایک بحران پیدا کیا گیا۔  اس کا نقصان ملک، عوام اور معیشت کو ہورہا ہے۔ نواز شریف نے چوتھی بار بھی  انہی سے لڑنا ہے جو  انہیں لے کر آتے ہیں۔  پھر  رونا دھونا شروع کرنا ہے کہ مجھے کیوں نکالا۔

 بلاول بھٹو کی نواز شریف پر کڑی تنقید

انہوں نے کہا کہ  میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنا چاہتا ہوں۔   ہم ایک نئی سیاست لانا چاہتے ہیں۔ اختلاف رائے ہوسکتا ہے مگر ہم سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں کرسکتے۔  بہنوں بیٹیوں کو گرفتار کرنا ہماری ثقافت کا حصہ ہے اور نہ ہی یہ ہماری سیاست کا حصہ ہوگا۔

 پیپلزپارٹی منشور

ہم اپنے دس نکاتی معاشی منشور پر عمل درآمد کرکے غربت، بیروزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کریں گے۔  مستحق لوگوں کو 300 یونٹ بجلی مفت فراہم کریں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سندھ کے سیلاب زدگان کے لیے 20 لاکھ گھر بنارہے ہیں۔  موقع ملا تو پاکستان میں 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے  اور  مالکانہ حقوق خواتین کے نام ہوں گے۔ تمام کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے اور وہاں کے رہائشیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔

  بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام  کی رقم میں اضافہ کریں گے اور خواتین کو بلاسود قرضے  دیں گے۔    چھوٹے کسانوں کی امداد کے لیے بے نظیر کسان کارڈ بنائیں گے۔  وفاقی حکومت اشرافیہ کو 1500 ارب روپے سبسڈی دیتی ہے    لیکن  ہم   چھوٹے کسانوں کی مالی مدد کریں گے۔  انہوں نے کہا کہ نوجوان کے لیے یوتھ کارڈ لائیں گے تاکہ برسرروزگار ہونےتک ان کی مالی مدد کی جاسکے۔

Comments are closed.