نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر دنیا کی خاموشی تشویش ناک اور قابل مذمت ہے۔ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کی رائے لینے سے ہی ممکن ہے۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہاکہ قائد اعظم نے قرار دیا تھا کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ یہ محض دعویٰ نہیں بلکہ حقیقت ہے۔ پاکستانیوں اور کشمیری اٹوٹ رشتے میں بندھے ہیں۔ دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور رگوں میں ایک ہی خون رواں ہے۔ ہم جموں کشمیر میں مظالم سے لاتعلق نہیں رہ سکتے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بھی یہاں کے عوام کی مرضی کے بغیر کوئی حل مسلط نہیں کرسکتا۔ کشمیر کاز کے لیے ہمارے عزم پختہ ہے۔ کشمیر ہمیشہ سے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں اہم رہا ہے۔ ہم یو این او کی قرارداد کے مطابق کشمیر کے لیے ہر طرح کی حمایت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں ۔
وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم حقِ خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حتمی و منصفانہ حل صرف اور صرف اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزاد و غیر جانب دار استصوابِ رائے کے تحت ممکن ہے۔
نگران وزیر اعظم کی مظفرآباد آمد
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد پہنچے ۔ وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق اور اسپیکر چوہدری لطیف اکبرنے ان سے ملاقات بھی کی ۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی تشویش ناک اور قابل مذمت ہے۔ پاکستان حقِ خود ارادیت کے حصول تک اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی مدد جاری رکھے گا۔
اسپیکر قانون ساز اسمبلی اور وزیراعظم آزادکشمیر نے یومِ یکجہتیِ کشمیر کیلئے وزیر پاکستان کی مظفر آباد آمد کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی مظفر آباد آمد پیغام ہے کہ پاکستانی اور کشمیری بہن بھائیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
Comments are closed.