وزیراعظم عمران خان 28 نومبرکوکرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھیں گے

لاہور: پاکستان نے رواں ماہ کے آخر میں کرتارپورکوریڈور کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم عمران خان 28 نومبر کو اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام نے بتایا ہے کہ پاکستان نے رواں ماہ کے آخرمیں کرتارپورکوریڈور کی تعمیر پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تعمیراتی منصوبے کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی تاریخ مقررنہیں کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری گورونانک دیوجی کا 549 واں جنم دن منانے پاکستان آئے ہیں، پاکستان اس موقع پر انہیں یہ تحفہ دینا چاہتا ہے، اس مقصد کے لئے کوشش کی جارہی ہے کہ سکھ یاتریوں کے پاکستان میں قیام کے دوران ہی کوئی تاریخ فائنل کی جائے اوراس دن پاکستانی حدود میں کرتارپور کوریڈور کی تعمیرشروع کردی جائے، اس حوالے سے سروے مکمل ہوچکا ہے۔

 دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کو کرتارپورراہداری کھولنے کے فیصلے سے پہلے ہی آگاہ کرچکا ہے، باباگرونانک کے 550 ویں سالگرہ پر کرتارپورراہداری کھولنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعظم عمران خان 28 نومبرکوکرتارپورراہداری کھولنے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، پاکستان اس موقع پر سکھ برادری کو شرکت کیلئے خوش آمدید کہتا ہے۔

Comments are closed.