کرپٹ عناصر جو مرضی کرلیں کسی کو نہیں چھوڑوں گا، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم کیلئے خوشخبری ہے کہ سعودی عرب سے زبردست پیکیج مل گیا، اب آئی ایم ایف سے بہت زیادہ قرضہ نہیں لیں گے ۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعظم نے کہا کہ قرضوں کی اقساط واپس کرنے کے لیے مزید قرضوں کی ضرورت تھی، اگر قرضے نہ لیتے تو ملک نادہندہ ہوجاتا۔ ہم پر بہت زیادہ دباؤ تھا لیکن سعودی عرب نے پاکستان کیلئے اچھا پیکیج دے دیا ہے اب آئی ایم ایف سے بڑا قرضہ لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

عمران خان نے یمن تنازعہ سے متعلق کہا کہ پاکستان اب ثالثی کا کردار ادا کرے گا، مسلم دنیا کو اکٹھا کرنے کے لیے کوششیں کریں گے اور یمن جنگ میں ثالثی کا کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں دباؤ ڈال کر حکومت سے این آر او لینا چاہتی ہیں یہ جماعتیں کان کھول کر سن لیں یہ جو مرضی کرلیں انہیں کوئی این آراو نہیں دیں گے۔ یہ جماعتیں احتجاج کریں سڑکوں پر نکلیں ہم انہیں کنٹینر اور سہولیات دیں گے لیکن کسی قسم کے دباؤ میں نہیں آئیں گے اور ان کرپٹ لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ان لوگوں پر مقدمات نہیں بنائے یہ کیسز تو سابقہ حکومت میں بنے ہیں۔ موجودہ حکومت تو صرف آڈٹ کروارہی ہے ان مقدمات پر بلیک میل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم عوام مت گھبرائیں کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے اور سب کا احتساب کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ روکنے کیلئے اداروں کو مضبوط کررہے ہیں اور وہ ان معاملات کی خود نگرانی کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ماضی میں سرمایہ کار پاکستان کے دوروں پر آتے تو ان سے پیسہ مانگا جاتا تاہم  ہاؤسنگ میں غیرملکی سرمایہ کاری لائیں گےاورغربت کوکم کرنے کے لیے آنے والے دنوں میں خصوصی پیکیج دیں گے، ہم نوجوانوں کو نوکریاں دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں اور ملک میں 50 لاکھ گھر بنائیں گے۔

Comments are closed.