کشمیریوں پرمظالم دیکھ کربھارت کیساتھ تعلقات کاراستہ کٹھن ہوجاتا ہے،فوادچودھری

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کے کشمیریوں پر مظالم دیکھ کر بھارت سے تعلقات کا راستہ کٹھن ہوجاتا ہے، بھارت کو مسئلہ کشمیر پر حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرنا ہوگا۔

اسلام آباد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد میں لاکھوں لوگ سڑکوں پرنکل رہے ہیں کیوںکہ وہ خود دکھ میں مبتلا ہیں لیکن بھارت میں بے وقوف سے بے وقوف لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی پاکستان کی وجہ سے چل رہی ہے البتہ کشمیر میں پاکستان کی حمایت بہت زیادہ ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں رہنے والوں کو تکلیف ہوتی ہے تو درد ہمیں بھی محسوس ہوتا ہے، جب کشمیر سے تصاویر آتی ہیں تو افسوس ہوتا ہے، ہم کشمیر کو علاقے نہیں بلکہ انسانیت کی نظر سے دیکھتے ہیں اور کشمیریوں سے ہمارا دل کا رشتہ ہے۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک علاقے کا مسئلہ نہیں، جذبات اوردل کے راستوں کو فوجیں فتح نہیں کرسکتی،گولیوں سے معاملہ حل کرنے کی کوشش میں جذبات مزید ابھریں گے، بھارتی وزیراعظم مودی نے وہاں پیکچ کا اعلان کیا لیکن آزادی پیسوں سے نہیں خریدی جاسکتی جب کہ کشمیر کے مظالم دیکھ کر بھارت سے تعلقات کا راستہ کٹھن ہوجاتا ہے۔کشمیر کے معاملے پر بھارت کو حقیقت پسندانہ رویہ اپنانا ہوگا۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ خطے کا مفاد ہے کہ بھارت پاکستان کے تعلقات بہتر ہوں، امن ہوگا تو سب کو فائدہ ہوگا لیکن پاکستان میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی ہے اور کشیدگی کے باعث سارک کا اجلاس بھی متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی صحافیوں سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے بھی کہا کہ ہمارا اور آپ کا تعلق امن کا ہونا چاہیے۔

Comments are closed.