کورونا وائرس نے پاکستان میں ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجادی، جان لیوا وباء کی تیسری لہر میں ایک دن کے اندر مزید 100 افراد جاں بحق ہوگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے وباء کے حوالے سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے 46 ہزار269 کورونا ٹیسٹ میں سے 4 ہزار 84 کی رپورٹ مثبت آ گئی جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 63 ہزار 200 تک پہنچ گئی ہے۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ65 ہزار 158، پنجاب میں 2 لاکھ 17 ہزار 694، خیبر پختونخوا میں 86 ہزار 044، اسلام آباد میں 57 ہزار 204 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، بلوچستان میں 19 ہزار 535، آزاد کشمیر میں 12 ہزار 549 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 016 افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔
خطرناک وائرس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 100 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 14 ہزار 356 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ برس 11 جون کو تقریباً 9 ماہ پہلے ایک دن میں 101 اموات ریکارڈ ہوئی تھیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد48 ہزار 566 ہے۔ جب کہ 3 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 081 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 278 ہوگئی ہے۔
Comments are closed.