پاکستانی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کی دوحا میں طالبان قیادت سے ملاقات

اسلام آباد: پاکستان کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان محمد صادق نے دوحا میں طالبان قیادت سے ملاقات کی ہے، جس میں افغان امن و مفاہمتی عمل پر بات چیت کی گئی۔

دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی میڈیا کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں بتایا کہ افغانستان کے لئے پاکستان کے خصوصی نمائندہ سابق سفیر محمد صادق نے 16 سے 17 جون تک قطر کا دورہ کیا جس میں انہوں نے دوحا میں ملاعبدالغنی برادر سمیت طالبان قیادت سے ملاقات کی۔

عائشہ فاروقی کے مطابق پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور  مفاہمت کے لئے سہولت کار کا کردار جاری رکھے گا، انہوں نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے حالیہ دورہ کابل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس تعمیری نوعیت کے دورے نے تمام تر معاملے میں پاکستان کی کوششوں کو مزید متحرک بنایا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کے لئے خصوصی مندوب نے طالبان اور امریکا کے درمیان امن معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے طالبان قیادت کے عزم کو سراہا اور کہا کہ دوحا امن معاہدے کے تحت قیدیوں کی رہائی بین الافغان مذاکرات کے فوری آغاز کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امید کرتا ہےکہ تمام متعلقہ فریقین افغانستان میں قیام امن اور مفاہمتی عمل کے لئے اپنی مخلصانہ کوششیں کریں گے جب کہ افغان امن عمل کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

1 Comment

Comments are closed.