ختم ہواسارا ریلیف،مر گیا غریب ۔۔۔ بم نہیں حکومت نے پٹرول کا ایٹم بم گرا دیا

 اسلام آباد: کورونا وباء کے باعث مالی مسائل میں گھرے عوام پر پٹرول بم گرا دیا گیا، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 روپے 58 پیسے اضافہ کر دیا ہے۔

خزانہ ڈویژن کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 25 روپے 58 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 21 روپے 31پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے  تیل کی قیمت میں 23 روپے 50 پیسے  اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے 84 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے، ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور کیا گیا ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت 74 روپے 52 پیسے سے بڑھ کر 100 روپے 10 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 80 روپے 15 پیسے کی بجائے 101 روپے 46 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت 35 روپے 56 پیسے سے بڑھا کر 59 روپے 06 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 38 روپے 14 پیسے سے بڑھا کر 55 روپے 98 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

Comments are closed.