اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جارہی اپنی مدت پوری کرے گی، پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ مشکل وقت آئے گا تو سب کو مل کر چلنا پڑے گا۔
حکومتی و اتحادی ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت سنبھالی تو ملک چلانے کے لیے پیسے نہیں تھے اور معیشت بہتر ہوئی تو کورونا وائرس آگیا لیکن شدید مالی مشکلات کے باوجود ٹیکس فری بجٹ دیا۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک اس وقت سخت حالات میں ہے مشکل ترین صورتحال میں مجبورا مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کا بجٹ مشکل ترین مالی حالات میں پیش ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ اجلاس میں تمام ارکان کی حاضری ضروری ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کے مسائل سے واقف ہوں۔ کورونا صورتحال کے پیش نظرارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کم ہوئیں۔حکومت تمام اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جمہوری پارٹی ہے جس میں شامل سب ارکان کو اظہار رائے کی آزادی ہے۔ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں سب متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات دور کرنے کے لئے تمام پی ٹی آئی اور اتحادی ارکان سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وبا کی روک تھام کے لیے حکومت نے مؤثر حکمت عملی اپنائی۔ کورونا وبا کی صورت حال میں پہلے دن سے لاک ڈاون کے خلاف تھا۔ اس بحران سے مقابلے لیے سمارٹ لاک ڈاون کی طرف گئے۔ آج دنیا لاک ڈاون کی بجائے سمارٹ لاک ڈاون کی طرف جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے۔ واضح رہے وزیر اعظم نے آج بجٹ کی منظوری اور سیاسی صورت حال پر اعتماد میں لینے کے لیے حکومتی اراکین اور اتحادیوں کے اعزاز میں عشایہ دیا تھا۔
Comments are closed.