لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی نظر میں اگر اسامہ بن لادن شہید ہے تو سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور اور آپریشن ضرب عضب پر ان کا کیا مؤقف ہے؟
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج تک وزیراعظم نے وضاحت نہیں دی کہ اسامہ بن لادن شہید ہے یا نہیں، وزیراعظم نے یہ قومی اسمبلی ایوان میں کہا تھا،عمران خان کو معلوم ہو یا نہیں کہ ایوان میں جو بات ہوتی ہے وہ حلفیہ ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے ایوان میں کہا کہ امریکا نے اسامہ بن لادن کو شہید کیا اور ہمارا وزیراعظم امریکا میں بیٹھ کر کہتا ہے کہ ہم نے تو آئی ایس اۤئی کی ٹپ پر مار دیا ہے، تو سچ کیا ہے؟
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جس نے ہمارے شہریوں،صحافیوں، ہماری نیول بیسز، اہلکاروں پر حملے کیے، بینظیر بھٹو کے خلاف حملوں میں کون ملوث تھا؟ 9/11 کے بعد جو تباہی ہوئی اس کے پیچھے کون تھا؟
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر اسامہ بن لادن شہید ہے تو وزیراعظم عمران خان کا اے پی ایس حملے، آپریشن ضرب عضب، سوات آپریشن پر کیا مؤقف ہے؟ پاکستان کے عوام مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیراعظم اس پر وضاحت دیں۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ہماری بدنامی ہوئی ہے لیکن وزیراعظم کو یہ احساس نہیں کہ اس پر وضاحت کردیں۔
خیال رہے کہ 25 جون کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ‘پاکستان کی تاریخ میں 2 واقعات ہوئے جس پر ہم بہت شرمندہ ہوئے، ایک واقعہ وہ جب امریکا نے ایبٹ آباد میں آکر اسامہ بن لادن کو مارا، شہید کردیا’۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹونے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت ان کے والد آصف زرداری کو قتل کرنا چاہتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے وزیراعظم کو مناظرے کا چینلج دیتے ہوئے کہا کہ تبدیلی سرکار نے ہر بحران کو تباہی میں بدل دیا۔ مافیاز تحریک انصاف کے فرنٹ مین ہیں۔
پٹرول بم گرا کر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا گیا جبکہ کورونا سے نمٹنے کے لیے پہلے دن سے ہی کچھ نہیں کیا گیا۔وزیراعظم اسمبلی میں ہمارے سامنے بھی اظہار خیال کر سکتے تھے لیکن ان میں ہمارے سامنے تقریر کرنے کی ہمت نہیں ہے۔ ان میں ہمت ہے تو سامنے آئیں اور مقابلہ کریں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت معاملات ٹھیک کرنے کے بجائے مزید بگاڑ رہی ہے۔ غریب کا نام لے کر امیروں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔ مافیاز پی ٹی آئی حکومت کے فرنٹ مین ہیں۔ پٹرولیم کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت تاریخی چیلجنز کا سامنا ہے۔ حکومت کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ملک میں کورونا سے شرح اموات کم نہیں ہو رہی، یہ سفید جھوٹ ہے۔ جبکہ بروقت ایکشن لیا جاتا تو ٹڈی دل پر شروعات میں قابو پایا جا سکتا تھا۔
انہوں نے سٹاک ایکسچینج حملے کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس جوانوں نے بروقت ایکشن لے کر کئی جانیں بچائیں۔ سندھ حکومت نے شہدا کیلئے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
Comments are closed.