برہان وانی شہداءکے قافلے کے ایک عظیم سپاہی ہیں، بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی

یاسین ملک پر جھوٹے مقدمات میں فرد جرم عائد، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے ترجمان پر کالا قانون لاگو

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے معروف نوجوان رہنما برہان وانی کی تحریک آزادی میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں شہدائے کشمیر کے قافلے کے ایک عظیم سپاہی کے طورپر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ برہان وانی جیسے بہادر کشمیری نوجوان بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی اُس تاریخ کا تسلسل تھا جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک محفوظ وطن عطا کیا ۔ بزرگ رہنما نے تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکے قافلے کا اصل مقصد مظلوم عوام کی مدد کر کے اللہ تعالی کی خوشنودی کا حصول ہے۔

سید علی گیلانی کا ٹویٹ برہان وانی کی شہادت کی برسی کے تناظر میں سامنے آیا ہے جنہیں بھارتی فوجیوں نے 8جولائی 2016کو ایک جعلی مقابلے شہید کر دیا تھا۔ برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد مقبوضہ علاقے میں ایک زبردست احتجاجی تحریک چلی تھی۔

بھارتی پولیس نے غیر قانونی طو رپر نظر بند جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کےخلاف پرانے جھوٹے مقدمات میں بارہمولہ کی ایک عدالت میں فرد جرم دائر کر دی ہے۔ بھارتی پولیس نے آزادی کے حق میں ریلیوں اور اجتماعات کے انعقاد کی پاداش میں یاسین ملک کےخلاف 2008اور2010دو مقدمات درج کر لیے تھے۔ یاسین ملک کو جو اس وقت نئی دلی کی تہاڑ جیل میں نظر بند ہیں ، ویڈیو لنگ کے ذریعے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج بارہمولہ کی عدالت میںپیش کیا گیا۔

دریں اثنا قابض انتظامیہ نے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے ترجمان زاہد علی پر آج کالا قانون”پبلک سیفٹی ایکٹ“ لاگو کر کے انہیں سینٹرل جیل سرینگر منتقل کر دیا۔ انہیں بھارتی پولیس نے چند روز قبل ضلع پلوامہ میں اپنے گھر سے گرفتار کرنے کے بعد ضلع کے کاکہ پورہ تھانے میں نظر بند کر دیا تھا۔

جموںوکشمیر ینگ مینز لیگ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ اسکے کارکنوں نے بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف آج اسلام آباد اور پلوامہ ضلاع کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے۔ تحریک آزادی کے شہید رہنما محمد مقبول بٹ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چھوٹے بھائی ظہور احمد بٹ کے اہلخانہ نے ضلع اسلام آ باد کے مٹن تھانے میں انکی گرتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

 بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے قصبے سوپور میں ایک شہری بشیر احمد خان کے بہیمانہ قتل کے خلاف ”انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس “کے زیر اہتمام آج مظفر آباد میں ایک احتجاجی دھرنا دیا گیا۔

ادھر جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 44ویں اجلاس کے موقع پر” خواتین کے خلاف تشدد کا مقابلہ “ کے عنوان سے منعقدہ ایک آن لائن مذاکرے کے شرکا نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر تشدد میں خطرناک اضافے پر روشنی ڈاالی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں خواتین کے خلاف بڑھتا ہوا تشدد عالمی برادری کی فوری توجہ کا متقاضی ہے ۔ مذاکرے کا انعقاد ” کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلشنز“ نے ”ورلڈ مسلم کانگریس ، کمیونٹی ہیومن رائٹس اینڈ ایڈووکیسی سینٹراور انٹرنیشنل مسلم وومن یونین “کے تعاون سے کیا تھا۔

Comments are closed.