مائنس ون نہیں بلکہ مائنس تھری ہوگا اور پورا سسٹم لپیٹا جائے گا، شیخ رشید

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے بڑے بھائی کی طرح ہوں، سربراہ عوامی مسلم لیگ

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مائنس کی بات آئی تو مائنس ون نہیں بلکہ مائنس تھری ہوگا اور پورا سسٹم لپیٹا جائے گا۔

شیخ رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بہت محنت کررہے ہیں اور جتنی ہمت ہے حکومت چلانے کی کوشش کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ نہ ہم آخری چوائس ہیں اور نہ ہم مائنس ون ہیں، لیکن اگر مائنس کی بات آئی تو پھر مائنس تھری ہوگا اور نظام لپیٹا جائے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنے گندے کپڑے ٹی وی پرنہ دھوئیں،اپوزیشن وہ کام نہیں کررہی جو بعض حکمران جماعت کے وزراء حکومت کے خلاف خود کررہے ہیں، بدعنوان اور منی لانڈرر اپوزیشن ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، اب گیند ہمارے پاس ہے اور ہم نے ڈلیور کرنا ہے اور عمران خان کو کیسے مضبوط کرسکتے ہیں۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، حکومت کو کچھ نہیں ہوگا، اپوزیشن کی دونوں جماعتیں کرپشن کیسز میں رنگے ہاتھوں پکڑی ہوئی ہیں، اتنے سنگین کیسز ہیں کہ ان کی جان نہیں چھوٹ سکتی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری کو عدالت میں بلاکر کیوں مارا جائے گا، انہوں نے ساری قوم کو لوٹ کر مارڈالا ہے، کورونا کی بیماری میں مجھے ایک انجکشن پانچ لاکھ کا بھی نہیں مل رہا تھا، این ڈی ایم اے کے جنرل افضل نے مجھے بندوبست کرکے دیا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ کورونا بہت سنگین اور خوفناک بیماری ہے، اللہ کسی دشمن کو بھی یہ بیماری نہ لگائے اور شہباز شریف کو بھی صحت دے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے بڑے بھائی کی طرح ہوں، فوج کورونا اور ٹڈی دل کے خلاف جنگ کررہی ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ پٹرول کی قیمت بےوقت کم کی گئی وہ قیمت کم کرنے کا وقت نہیں تھا، جب وقت نہیں تھا تو پٹرول کی قیمت کم کی، جب وقت نہیں تھا اور بجٹ پاس ہونے والا تھا تو ایک سازش کے تحت 25 روپے قیمت بڑھا دی تاکہ بجٹ کی منظوری میں مسائل پیدا ہوں، یہ سارے سازشی لوگ ہیں، لیکن عمران خان کے 40 سال زیادہ ووٹ تھے۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ ق لیگ کہیں نہیں جائے گی، عشائیے میں شرکت سے کیا فرق پڑتا ہے ووٹ دینے کے لیے تو موجود تھے، میں کھانا کھا کر دوں یا بغیر کھائے ووٹ تو دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کرایوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی ہے، چینی کے کیس سنجیدہ ہوسکتے ہیں، میں نے چینی کی برآمد کی مخالفت کی تھی۔

Comments are closed.