عمران کولانے والے اور اتحادی ناخوش، سلیکٹرز ملکی نقصان کے ذمہ دارہیں، مولانا فضل الرحمان

حکمران عزت سے استعفیٰ دے دیں ورنہ انجام مزید گندا ہوجائے گا، سربراہ جمعیت علمائے اسلام

حیدرآباد: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ  حکومتی اتحادی بھی ناخوش ہیں، اور عمران خان کو لانے والے بھی پریشان ہیں، ملک کو نقصان پہنچانے والوں میں انہیں سلیکٹ کرنے والے بھی ذمہ دار ہیں، حکمران عزت سے استعفیٰ دے دیں ورنہ انجام مزید گندا ہوجائے گا۔

سندھ کے شہر حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے دھرنے کے بعد حکومت کا ڈاون فال شروع ہوچکا تھا، اگر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) ہماری طرح میدان میں نکلتی تو آج نقشہ تبدیل ہوتا، اپوزیشن کے غلط کردار کی وجہ سے حکومت کو طول ملا ہے، اب اپوزیشن کو رویہ بدلنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحادی بھی ناخوش ہیں، اور عمران خان کو لانے والے بھی پریشان ہیں، ملک کو نقصان پہنچانے والوں میں انہیں سلیکٹ کرنے والے بھی ذمہ دار ہیں،آٹا، چینی اور پیٹرول کا بحران حکمرانوں کے اپنے لوگوں کا ہی پیدا کردہ ہے، لیکن ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوگی، یہ لوگ خود پر تنقید کو برداشت نہیں کررہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملکی حالات ایسے نہیں کہ پی ٹی آئی کو مزید برداشت کرسکیں، حکمران عزت سے استعفی دے دیں ورنہ انجام اور گندا ہوجائے گا۔ ہم مائنس آل کے خواہشمند ہیں، مائنس ون اور تھری کا وقت گزر گیا، جے یو آئی 9 جولائی کو کراچی میں اے پی سی بلا رہی ہے۔

Comments are closed.