باتیں نہیں،عملی اقدامات دکھانا ہونگے، وزیراعظم کا کارکردگی نہ دکھانے والوں کو گھر بھیجنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹیم کی کارکردگی سے متعلق ترجیحات بدل لیں، صرف زبانی جمع خرچ نہیں کارکردگی دکھانا ہوگی، تاخیری حربے اور کارکردگی دکھانے میں ناکامی پر حکومتی عہدیداروں کو گھر کی راہ لینا ہوگی۔

اعلیٰ حکومتی ذرائع نے نیوز ڈپلومیسی کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کارکردگی کے معاملے پر اب کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا،انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ وزرا، مشیران اور معاونین کو بریفنگ کے بجائے اب کارکردگی دکھانا ہوگی، بیورو کریسی اور مختلف اداروں کے سربراہان سمیت کارکردگی نہ دکھانے والے عہدیداروں کو گھر جانا ہوگا۔

وزیراعظم نے حکومتی اور عوامی نوعیت کے امور میں تاخیر حربے استعمال کرنے والوں کو کسی قسم کی کوئی رعایت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اب وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاسوں میں محض بریفنگ پر اکتفا نہیں ہوگا، بلکہ حکومتی فیصلوں پر عملی اقدامات کا عمران خان خود جائزہ لیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سرکاری محکموں اور وزارتوں کی بریفنگ کے نوٹس اپنی ڈائری میں ریکارڈ کر رکھے ہیں،ان کے سیکرٹری بھی تمام وزارتوں کی بریفنگ کو الگ تحریری ریکارڈ مرتب کر رہے ہیں، وزیراعظم نے وزارتوں سے عملی اقدامات سے متعلق پوچھنا شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حال میں ہونے والے بعض اجلاسوں کے دوران وزیراعظم عمران خان نے تاخیری حربوں پرکئی افسران کی سرزنش بھی کی، جبکہ بریفنگز کے دوران وہ اپنے ریکارڈ سے موازانہ بھی کرتے ہیں، انہوں نے واضح کردیا کہ وزارتیں ہوں یا ڈویژن وہ حکومتی امور میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے،صوبائی کابینہ اور افسر شاہی کو بھی اب کارکردگی کے ترازو پر تولہ جائے گا۔

Comments are closed.