شکاگو میں 4 جولائی پریڈ کے دوران فائرنگ سے 6 افراد ہلاک، 24 زخمی

امریکی ریاست الونائے کے شہر شکاگو میں چار جولائی کی پریڈ کے موقع پر فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جب کہ 24 سے زائد زخمی ہو گئے۔

مقامی پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شکاگو شہر کے مضافاتی علاقے ہائی لینڈ پارک میں یوم آزادی کے موقع پر منعقد ہونے والی پریڈ کے آغاز کے چند منٹ بعد پیش آیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا 18 سے 20 سالہ نوجوان ہے جس نے پریڈ کے روٹ کے قریب ایک عمارت کی چھت سے پریڈ دیکھنے کے لئے جمع ہونے والے افراد کو نشانہ بنایا، پولیس نے جائے وقوعہ کے قریب عمارت سے رائفل برآمد کر لی تاہم ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا حملہ آور کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی تاہم پولیس ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششوں میں مصروف ہے۔

نارتھ شور یونیورستی ہیلتھ سسٹم حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد مجموعی طور پر 31 زخمیوں کو طبی امداد کیلئے لایا گیا جن میں اکثریت گولیاں لگنے سے زخمی ہے، جب کہ چند ایک بھگدڑ کی وجہ سے گرنے کے باعث زخمی ہوئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں کی مجموعی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

Comments are closed.