اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آئندہ ماہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ منصوبے کے افتتاح کے ساتھ ہی گھروں کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع ہو جائے گا۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہاوٴسنگ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ سیکرٹری ہاوٴسنگ نے وزیراعظم کو 50 لاکھ گھروں کی تعمیراور کچی آبادیوں کو باقاعدہ بنانے سے متعلق بریفنگ دی۔ کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے گھروں کی ضرورت کے حوالے سے آرمی کے تجربات پر بریف کیا۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت 50لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ پورا کرے گی، منصوبے سے نہ صرف نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
وزیراعظم نے ٹاسک فورس کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے منصوبے کے پلان کو جلد حتمی شکل دے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول دیا جائے گا۔
Comments are closed.