انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران فاروق قتل کیس میں 20 جون کو حتمی دلائل طلب کرلیے

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹرعمران فاروق کے قتل کیس میں ایف آئی اے کی مزید شواہد کے حصول کیلئے وقت دینے کی استدعا مسترد کردی اور 20 جون کو مقدمے میں حتمی دلائل طلب کر لیے ہیں۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے عمران فاروق قتل کیس کی سماعت کی، ایف آئی اے نے استدعا کی تھی کہ عمران فاروق قتل کیس سے متعلق برطانیہ سے مزید شواہد لینے کے لیے دو ماہ کا وقت دیا جائے۔  عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے مزید شواہد کے حصول کیلئے وقت دینے کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ 20 جون کو مقدمے میں حتمی دلائل دیئے جائیں جس کے بعد فیصلہ سنایا جائے گا۔ استغاثہ کے گواہوں کے بیانات پہلے ہی ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

Comments are closed.