پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو مذاکرات کا آغاز

اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان  برف پگھلنے لگی، دونوں ممالک کے ٹریک ٹو مذاکرات کا  پہلا دور جمعہ کو اسلام آباد میں شروع ہورہا ہے جو دو روز تک جاری رہے گا۔

پاک بھارت ٹریک ٹو مذاکرات کا انعقاد اسلام آباد کے تھنک ٹینک ریجنل پِیس انسٹی ٹیوٹ کے زیرِاہتمام ہو رہا ہے۔ ٹریک ٹو ڈائیلاگ کے پہلے مرحلے میں دونوں ممالک کے وفود شریک ہوں گے، دفتر خارجہ کے حکام بھی ان مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

تھنک ٹینک کے سربراہ رؤف حسن کا کہنا ہے کہ فروری میں پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی کے بعد یہ مذاکرات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان تعلقات کی بہتری کا پہلا راستہ ٹریک ٹو سفارتکاری ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ ان مذاکرات کا بنیادی مقصد دونوص ملکوں کے نوجوانوں کو امن کی جانب لانا ہے۔ مذاکرات کے پہلے روز دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کا جائزہ لینے کے لیے ورکنگ سیشنز ہوں گے، دونوں ملکوں کے سابق سفرا بھی شرکت کر رہے ہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور نئی دہلی میں ہوگا۔

Comments are closed.