اسلام آباد: پاکستان نے سوا چار ماہ بعد بھارت کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نےمشرقی فضائی حدود تمام کمرشل پروازوں کیلئے کھولتے ہوئے بھارت کیلئے اوور فلائی کی بندش ختم کرنے کا نوٹم جاری کر دیا۔
اوور فلائی کی بندش ختم ہونے کے بعد بھارتی مسافر طیارے اب پاکستان کی فضائی حدود سےگزرسکیں گے۔دیگرممالک کی ائیرلائنزبھی پاکستانی فضائی حدود استعمال کر سکیں گی۔ لاہور سے دہلی، بنکاک، کوالالمپور، سری لنکا اور ارمچی کی پروازیں بھی بحال ہو جائیں گی۔
پاکستان نے رواں سال 27 فروری کو بھارتی جنگی جہاز مار گرانے کے بعد بھارت کے ممکنہ حملے کے خطرے کے پیش نظر مشرقی فضائی حدود کمرشل پروازوں کیلئے بند کردی تھیں ۔ سیکرٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت کےمطابق بھارت نے اوورفلائی پابندی اٹھانے کیلئے رابطہ کیا تھا ، تاہم پاکستان نے جواب دیا کہ فضائی حدود تبھی کھولی جائیں گی جب بھارت سرحد کے قریب ایئربیسز سے جنگی جہاز ہٹائے گا۔
Comments are closed.