جھوٹے بھارتی بیانیے کو شکست، بھارت کو27 فروری جیسا سرپرائز ملا، میجر جنرل آصف غفور

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجرجنرل آصف غفورکا کہنا ہے کہ آج کا دن بھارت کے لیے ایک اور27 فروری ثابت ہوا، عالمی عدالت میں بھارت کے جھوٹے بیانیے کی شکست ہوئی اور اسے کلبھوشن فیصلے کی شکل میں آج بھی بڑا سرپرائز ملا۔

نجی ٹی وی چینل ‘اے آر وائی نیوز’ سے بات کرتے ہوئے  ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفورنے کہا کہ پاکستان کے حق میں فیصلہ ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور کلبھوشن سے متعلق فیصلہ پاکستان کی جیت ہے۔ بھارت کی ملٹری کورٹ کی سزا ختم کرنے کی استدعا مسترد کی گئی، جبکہ کلبھوشن کو رہا کرنے کی بھارتی درخواست بھی مسترد کی گئی۔’

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ‘کلبھوشن، بھارت کا حاضر سروس افسر ہے، ہمارا یہ موقف مانا گیا اور دنیا نے دیکھ لیا کہ بھارت کا پاکستان میں کیا کردار ہے، بھارت نے ہمیشہ جھوٹا بیانیہ دوسروں پر مسلط کرنے کی کوشش کی لیکن عالمی عدالت کے فیصلے سے بھارتی جھوٹے بیانیے کو شکست ہوئی۔’

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ‘آج کا دن بھارت کے لیے ایک اور 27 فروری ثابت ہوا اور بھارت کو کلبھوشن فیصلے کی شکل میں آج بھی بڑا سرپرائز ملا۔ عالمی عدالت نے نظرثانی کا معاملہ پاکستان پر چھوڑ دیا ہے، قانون کے مطابق کلبھوشن سے متعلق حکومت جو فیصلہ کرے گی اس پر عمل کریں گے جبکہ آرمی چیف کا کہنا ہے قانون کےمطابق ہی فیصلہ ہوگا۔

واضح رہے کہ عالمی عدالت انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کردی تھی۔

Comments are closed.