اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر اپنے والد نواز شریف کی رہائی کے لیے احتجاج کا منفرد انداز اپنایا ہے۔ مریم نواز نے اپنے لباس پر نواز شریف کی تصویر پرنٹ کروا لی اس کے ساتھ بے گناہ نواز شریف کو رہا کرو کے الفاظ بھی درج ہیں۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں بوگس ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے کے الزام میں مریم نواز کو طلب کیا، سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے عدالت میں پیشی کے موقع پر سیاہ رنگ کا لباس زیب تن کیا، جس پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی تصویر پرنٹ ہے۔ مریم نواز کی قمیض پر اردو اور انگریزی زبانوں میں نواز شریف کی رہائی کے لیے نعرے درج ہیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جج ارشد ملک کو ویڈیو اسکینڈل کے بعد جج احتساب عدالت کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد نواز شریف کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ مریم نواز کا موقف ہے کہ قانونی طور پر کسی جج کا مس کنڈکٹ ثابت ہونے پر اس کے دیئے گئے فیصلے واپس ہو جاتے ہیں۔
Comments are closed.