گرفتاریوں پرباہر سےسفارشیں آرہی ہیں،جو مرضی کریں احتساب نہیں رکےگا،وزیراعظم

میانوالی: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کو لوٹنے والے طاقتور طبقے کا احتساب کریں گے، گرفتار ملزمان کی بیرون ممالک سے سفارشیں آ رہی ہیں، یہ لوگ جو مرضی کرلیں احتساب کا عمل نہیں رکے گا۔

میانوالی میں اسپتال کے سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ  آج کل شور مچایا جارہا ہے کہ احتساب سے لوگوں کو کیا فائدہ ہوگا؟ یہ بہت بڑا پروپیگنڈا ہے، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، بدعنوانی کی وجہ سے ملک ترقی نہیں کرپا رہا، ماضی کے حکمرانوں نے ریکارڈ قرضہ حاصل کیا اور آج ہمیں اس قرضے پر سود دینے کے لیے قرضے لینے پڑرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مقروض کرنے والوں کا جب تک احتساب نہیں ہوگا،چوری نہیں رکے گی، احتساب وہ ہوتا ہے  جو چینی صدر نے اپنے ملک میں کیا، چینی صدر نے کرپشن پر ساڑھے چار سو وزیروں کو جیل میں ڈالا اور یہی وجہ ہے آج چین دنیا میں سب سے زیادہ معاشی ترقی کرنے والا ملک بن گیا ہے، انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ملک کا پیسہ لوٹا ان کو جیل میں ڈالیں گے، ہم طاقتور طبقے کا احتساب کریں گے، گرفتاریوں  اور احتساب پر مجھے طرح طرح کی دھمکیاں دے رہے ہیں،  یہ جو مرضی کر لیں ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اب شور مچایا جا رہا ہے کہ انتقامی کارروائی ہورہی ہے دراصل انتقامی کارروائی تو میرے خلاف کی گئی، جب پاناما لیکس پر آواز اٹھائی تو میرے خلاف 32 مقدمات درج کیے گئے، سپریم کورٹ میں 2 کیسز دائر ہوئے لیکن بھاگانہیں، کیونکہ میں نے حلال کمائی کا پیسہ باہر سے پاکستان لایا اور اس کی منی ٹریل دی۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے مجھے صادق و امین کہا لیکن جو لوگ آج شور مچارہے ہیں انہوں نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے، بلکہ جعلی دستاویزات پیش کیں اور مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں، ان کو جواب دینا پڑے گا، یہ لوگ جو مرضی کرلیں، جتنا مرضی شور مچائیں اور جتنی مرضی سفارشیں کروائیں  ہم چھوڑیں گے نہیں۔

Comments are closed.