ڈی آئی خان میں فائرنگ اور خودکش دھماکہ، 6 اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید

ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کوٹلہ سیداں میں دہشت گردوں کی پولیس چوکی پر فائرنگ اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 6 اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید جب کہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

ڈیرہ کوٹلہ سیدان پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گرد فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ جن میں کانسٹیبل جہانگیر اور کانسٹیبل انعام  شامل ہیں، جہانگیر کا اعجاز آباد مریالی جب کہ انعام کورائی کا رہائشی تھا۔

فائرنگ کے بعد شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈسٹرکٹ اسپتال لائی گئیں تو اسپتال کے ٹراما سینٹرکے گیٹ پردھماکا ہوگیا۔ جس کے نتیجے میں مزید 4 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بڑی تعداد میں زخمیوں کے باعث کئی کو سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں 22 زخمی اور 5 لاشیں لائی گئی ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی تعینات کی گئی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے مزید دھماکا خیز مواد کی موجودگی کے خطرے کے پیش نظر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ٹراما سینٹر کے دروازے پر ہونے والا دھماکا خود کش ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب ذرائع نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکا خودکش تھا اور حملہ آور لڑکی تھی اور اس کی عمر کم و بیش 15 سال تھی۔

Comments are closed.