دی ہیگ : یورپی ملک ہالینڈ میں تعینات پاکستان کے سفیر شجاعت علی راٹھور کو سفارت کاری کے لئے ہی فرصت نہیں۔ پاکستانی سفارتکار نے اپنی غیرذمہ داری کی وجہ سے عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کا موقع ضائع کر دیا۔
ہالینڈ کے وزیرخارجہ سٹیف بولک کی جانب سے ایشیائی ممالک کے سفیروں کو ملاقات کی دعوت دی جس میں ایشیاء سے متعلق ڈچ خارجہ پالیسی پر تبادلہ خیال کیا جانا تھا۔ تاہم پاکستانی سفیر شجاعت علی راٹھور نے دعوت نامے کے باوجود اس اہم اجلاس میں خود شرکت کی ناں ہی پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے کوئی اور عہدیدار اس اہم اجلاس میں شریک ہوا۔
اس کے برعکس بھارت، سری لنکا، ایران سمیت دیگر ایشیائی ممالک کے سفراء اس اہم اجلاس میں شریک ہوئے۔ جنہوں نے ہالینڈ کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے اپنے ممالک کا نقطہ نظر بیان کیا۔
نیوز ڈپلومیسی کی جانب سے رابطہ کرنے پر ڈپٹی ہیڈ آف مشن اعزاز خان نے پہلے تو معلومات لے کر آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تاہم دوبارہ رابطے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض معاملات کو چھوڑ دیا جائے تو بہتر ہے۔
ہالینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سفیر شجاعت علی راٹھور کے خوش نہیں، جس کا اظہار وہ گاہے بگاہے کر چکے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفیر کی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے توجہ نہ ہونے کے برابر ہے۔

Comments are closed.