پاکستانی طلبہ کیلئےخوشخبری: 3 ہفتوں میں کینیڈا کا اسٹڈی ویزہ لینا ممکن

اسلام آباد: کینیڈا نے پاکستانی طلباء کے لئے اسٹڈی ویزہ آسان کر دیا، کینیڈین حکومت کی جانب سے  پاکستانی طلبہ کو تیز ترین ویزہ حصول کے پروگرام اسٹوڈنٹس ڈائریکٹ سٹریم (ایس ڈی ایس) میں شامل کر لیا گیا،  انتہائی کم مدت میں سٹڈی پرمٹ حاصل کیا جا سکے گا۔

کینیڈا کی جانب سے اسٹوڈنٹس ڈائریکٹ اسٹریم کے نام سے پروگرام 2018 میں شروع کیا گیا، جس کا مقصد دیگر ممالک کے طلبا و طالبات کے لیے تیزتر ویزہ اوراسٹڈی پرمٹ کا حصول ممکن بنانا تھا۔ ابتدائی طور پرڈائریکٹ اسٹریم پروگرام چین، بھارت، فلپائن اور ویت نام کے طلبا وطالبات کے لیےشروع کیا گیا۔

کینیڈا کے وزیر برائے امیگریشن کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے اب پاکستانی طلبا وطالبات بھی کینیڈا کا تیزترین اسٹڈی ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔ درخواست گزار کو انگریزی/ فرانسیسی زبان میں مہارت کا سرٹیفکیٹ، اپنے تعلیمی اخراجات کیلئے رقم کی موجودگی کا ثبوت و دیگر ضروری دستاویزات پیش کرنا ہوتی ہے۔ اس پروگرام کے تحت صرف تین ہفتوں کے اندر اسٹڈی پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔

کینیڈا کے تعلیمی اداروں سے گریجویشن مکمل کرنے والوں میں سے اکثریت پوسٹ گریجویشن اور ورک پرمٹ حاصل کرنے کے اہل ہو جاتے ہیں، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کینیڈا سے تعلیم مکمل کرنے والے 54 ہزار طلبا و طالبات نے 2018 میں پرماننٹ ریزیڈنسی ( پی آر) حاصل کی۔

Comments are closed.