ایئرکنڈیشنر واپس لینا انتقامی کارروائی اور بیمار نوازشریف کی جان پرحملہ ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہےکہ سابق وزیراعظم نوازشریف سے ایئرکنڈیشنر کی سہولت واپس لینا انتقامی کارروائی ہے۔ وزیراعظم کے ایماء پر اس اقدام کی وجہ سے ان کے بیمار بھائی کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔

کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم نوازشریف سے اے سی کی سہولت واپس لینے کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر شہبازشریف میدان میں آگئے۔  شہبازشریف نے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انہیں معلوم ہوا کہ پنجاب حکومت نے آئی جی جیل خانہ جات کو 17 جولائی کو خط لکھ کراے سی اتارنے کی ہدایت کی ہے۔ سیاسی انتقام کی خاطر یہ اقدام نوازشریف کی جان پر حملہ ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے خط میں لکھا ہے کہ میڈیکل بورڈ کی سب سے پہلی سفارش یہی ہے کہ نواز شریف کو مناسب درجہ حرارت والے کمرے میں رکھا جائے۔ بورڈ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مناسب درجہ حرارت میں نہ رکھنے سے نوازشریف کے گردے فیل ہو سکتے ہیں۔

محکمہ داخلہ کی سرد مہری پرحیرانی کا اظہار کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق کلیدی نکتہ کو کیسے نظر انداز کردیا گیا۔ 3مرتبہ کے منتخب وزیر اعظم کو سیاسی دبائو کی بناء پر ان کے قانونی اور جائز حقوق سے محروم نہ کیا جائےمیڈیکل بورڈ کی سفارشات پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔

شہباز شریف کے خط کی کاپیاں چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کو بھی بھیجی ہیں۔

Comments are closed.