کراچی: انٹرنیشنل اوپن سیلنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی سیلرز نے دو طلائی تمغوں سمیت آٹھ میڈلز کے ساتھ کامیابی حاصل کر لی، تھائی لینڈ دوسرے جب کہ ملائیشیا کے سیلرز تیسرے نمبر پر رہے۔
پاکستان ایئرفورس بیس کراچی میں بادبانی کشتیوں کے بین الاقوامی مقابلے ہوئے جس میں پاکستانی سیلنگ ٹیم سمیت 17 ممالک کے 57 سیلرز اور عہدیداروں نے شرکت کی۔
قومی سیلرز نے مقابلے کے دوران اپنی برتری کی زبردست دھاک بٹھائی اور 2 گولڈ، 3 سلور اور 3 کانسی کے تمغے حاصل کر کے فتح اپنے نام کی۔
تھائی لینڈ کے سیلرز کو ایک گولڈ اور ایک سلور میڈل کیساتھ دوسری پوزیشن ملی جبکہ ملائشیا ایک گولڈ میڈل جیت کر تیسرے نمبر پر رہا۔
دوسری انٹرنیشنل اوپن سیلنگ چیمپئین شپ میں چار سیلنگ کلاسز کے مقابلے پانچ روز تک جاری رہے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
Comments are closed.