صرف چیئرمین سینیٹ کا نہیں حکومت کا بھی کاونٹ ڈاؤن شروع ہے، آصف زرداری

اسلام آباد: احتساب عدالت نےجعلی بینک اکاؤنٹس میں سابق صدر آصف زرداری اورفریال تالپور کو مزید 10 روز کیلئے نیب کےحوالے کر دیا۔ سابق صدر کہتےہیں صرف چیئرمین سینیٹ کا نہیں حکومت کا بھی کاونٹ ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔

احتساب عدالت پیشی کےموقع پر صحافیوں سےگفتگو کرتےہوئےآصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان کے ملین مارچ میں شرکت کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے ساتھ حکومت کا بھی کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ ہم پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے قائدین نے اپنے دور حکومت میں ہزاروں کروڑوں روپے کھائے، موجودہ مشیرخزانہ بھی ہماری حکومت کا حصہ تھے، انہیں بھی پکڑیں۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نےفریال تالپور اورآصف زرداری کےجسمانی ریمانڈ میں مزید 10 دن کی توسیع کی استدعا کی۔ آصف زرداری روسٹرم پر آئے اور کہا کہ جسمانی ریمانڈ میں عید کے بعد تک کی توسیع کر دیں۔ جج نے جواب دیا ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ ریمانڈ دو ہفتوں کا ہو سکتا ہے۔

عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے ، آصف زرداری اور فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 10 دن کی توسیع کر دی اور 8 اگست کو دوبارہ پیش کر نے کا حکم دیا۔

Comments are closed.