بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی، سرحدی دہشتگردی پر پاکستان کا شدید احتجاج

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کو جنگی جنون سے باز آنے کا کہہ دیا۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی پر احتجاج کیا گیا۔

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے کی۔ترجمان دفترخارجہ نےکہا بھارتی افواج نےایل او سی کےدننا، ڈھنڈیال ، جوڑا ، لیپا ، شاہ کوٹ اور شاردہ سیکٹرز پر منگل کو بلااشتعال فائرنگ کی ، جس سے ایک شہری شہید، 9 زخمی ہوئے، بھارتی افواج مسلسل شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہیں،جو انسانی عظمت  بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے ، بھارت اپنی افواج کو فائر بندی پر مکمل عملدرآمد کا پابند بنائے، ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر امن برقرار رکھے، اور اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کےمطابق کردار ادا کرنے دے۔

Comments are closed.